اسلام آباد، 15 اپریل 2026 : پاکستان انسداد پولیو پروگرام  خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج پیش آنے والے پولیو ٹیموں سے متعلق تین سیکیورٹی واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

بنوں، ہنگو اور نصیر آباد میں پیش آنے والے علیحدہ علیحدہ واقعات میں پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ نصیر آباد میں پولیو ویکسینیشن ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے پولیس اہلکار فرمان بشیر بہرانی نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ ایک اور پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، محترمہ عائشہ رضا فاروق نے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا:

"آج کے یہ حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ ہم پولیس اہلکار فرمان بشیر بہرانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران، ہمارے بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، جو ان خطرات کے باوجود اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی جرات ہمارے قومی جذبے کی بہترین عکاسی ہے، اور ہم ایسے پرتشدد واقعات کو اس اہم مشن کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہماری ٹیموں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔"

پروگرام تمام متاثرہ ٹیموں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود، پاکستان کا پولیو کے خاتمے کے لیے عزم غیر متزلزل ہے۔ ایسے واقعات ہماری اجتماعی جدوجہد کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتے۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں

:

For further information, please contact: Mr. Syed Farhan Shah, Public Relations Officer, NEOC, +923165011808, syed.farhanshah1990@gmail.com