اسلام آباد، 13 جون، 2024 – ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کی رونقیں شروع ہونے کے ساتھ ہی پاکستان پولیو پروگرام نے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک خصوصی اقدام لانچ کر دیا ہے۔
’عید مبارک ویکسینیشن انیشی ایٹیو‘کے تحت ملک کے 20 سے زائد اضلاع میں شاپنگ سینٹر اور چڑیا گھر جیسے تفریحی مقامات پر 187 خصوصی پولیو ویکسینیشن سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں والدین پولیو کے خاتمے میں پولیو پروگرام کا ساتھ دے سکتے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد پولیو ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، والدین کو اس موذی مرض کے خلاف جنگ میں براہ راست شامل کرنا اور عوام میں ویکسینیشن کو فروغ دینا ہے۔
والدین ان سٹالز پر تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی مدد سے اپنے بچوں کو خود ویکسین پلانا سیکھ سکتے ہیں اور پولیو کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں۔
انسداد پولیو کے لیے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر، کیپٹن (ر) محمد انور الحق نے کہا، ’عید مبارک ویکسینیشن انیشی ایٹیو لوگوں سے جڑنے اور انہیں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کا فعال حصہ بنانے کا ایک بہترین موقع ہے

انہوں نے کہا کہ ’والدین پولیو کے خلاف جنگ میں ہمارے اہم اتحادی ہیں اور انہیں ویکسینیشن کے عمل میں شامل کر کے ہم نہ صرف پولیو ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کر رہے ہیں بلکہ ویکسینز کے حامی بھی بنا رہے ہیں جو اپنے خاندانوں اور کمیونیٹز میں پولیو ویکسین کی اہمیت اجاگر کریں ہیں

آپ کے قریبی اسٹال کی لوکیشن کو معلوم کرنے کے لئے، اس لنک پر جائیں: https://www.facebook.com/100064542888611/posts/pfbid0Jp4kWbi6jmvzMoyoQdL97oJEfxV1ZhjKnKcKtWvymu6eP8SsjNq2nnG4Am3cayKhl/?app=fbl
نوٹ برائے ایڈیٹر:
پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔
مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:
Ms. Hania Naeem, Communications Officer, NEOC, +923431101988