اسلام آباد، 9 ستمبر 2025 – پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کی جاری کوششوں کے تحت، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے یکم تا 7 ستمبر تک ہفتہ بھر جاری رہنے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کی، جس کے دوران 81 ہائی رسک اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 1 کروڑ 97 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔جو پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پنجاب میں 40 لاکھ 4 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ سندھ میں تقریباً 87 لاکھ 27 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ بلوچستان میں 22 لاکھ 27 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی گئی، اور خیبر پختونخوا میں تقریباً 40 لاکھ 25 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔ علاوہ ازیں، مہم کے دوران اسلام آباد میں 4 لاکھ 79 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 12 ہزار، اور آزاد جموں و کشمیر میں 1 لاکھ 64 ہزار بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔

 نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو والدین، سرپرستوں، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے بھرپور تعاون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار قوم کے ہیروز ہیں، جن کی انتھک محنت اور لگن پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے سفر میں پیش رفت کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

ادھر، پنجاب کے نو اضلاع، جن میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، مظفرگڑھ اور بہاولپور شامل ہیں، میں سیلاب کی وجہ سے خصوصی انسدادِ پولیو مہم مؤخر کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں رسائی اور آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔ان اضلاع میں پولیو مہم کی نئی تاریخیں جلد اعلان کی جائیں گی تاکہ ہر بچے کو بروقت ویکسین فراہم کی جا سکے۔ جنوبی خیبر پختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں مہم 15 ستمبر سے شروع ہوگی، جس کے دوران مزید 16 لاکھ 80 ہزار بچوں کو ہدف بنایا جائے گا۔

والدین اور سرپرستوں سے درخواست ہے کہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو ویکسین لازمی پلوائیں تاکہ بیماری سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مہم کے دوران، اگر کوئی بچہ یا بچی پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو فوری طور پر صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کریں یا پولیو واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر پیغام بھیجیں۔ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

*****

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:

For further information, please contact: Mr. Syed Farhan Shah, Public Relations Officer, NEOC, +923165011808, syed.farhanshah1990@gmail.com.