
قرآن مجید کی سورۃ الانعام کی آیت نمبر 140 میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے واضح طور پر فرمایا گیا ہے کہ: "بے شک تباہ ہوئے جو اپنی اولاد کو قتل کرتے ہیں احمقانہ جہالت سے اور حرام ٹھہراتے ہیں جو اللہ نے انہیں روزی دی۔ اللہ پر جھوٹ باندھنے کو، بے شک وہ بہکے اور راہ نہ پائی" قومی اسلامی مشاورتی گروپ (NIAG) کے رکن اور جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے سربراہ، مولانا سمیع الحق کا اس موقع پر کہنا تھا، "یہ ہر ایک کا انفرادی فرض ہے کہ وہ خود کو اور اپنے علاقے کے افراد کو بیماریوں سے تحفظ فراہم کرے۔ افواہوں اور غلط فہمیوں کی بنیاد پر اپنے بچوں کو ایک صحت مند زندگی کے حق سے محروم کرنا نہ صرف گناہ ہے بلکہ باطل پر ایمان لانے کے مترادف ہے"۔
اگرچہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے استعمال سے ناصرف اس موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔ یاد رہے کہ پولیو ویکسینیشن کا مقصد انسانی فلاح کا ایک اہم جزو ہے اور ویکسین کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیات مضر صحت اثرات سے پاک اور غیر ممنوعہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ پولیو ویکسین کا استعمال اسلامی اصولوں یعنی شریعہ کے عین مطابق ہے۔ تمام والدین کو یہ تاکید کی جاتی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پانچ سال سے کم عمر کے اپنے تمام بچوں کو ہر بار پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں