میں 18 ماہ کا تھا جب پولیو کا شکار ہوا۔ مجھے بخار ہوا تھا اور میرے والدین مجھے ڈاکٹر کے پاس لے گئے تھے جس نے مجھے ایک ٹیکہ لگایا لیکن اس نے کوئی کام نہیں کیا اور میری ٹانگیں پولیو سے مفلوج ہو گئیں۔

میرے والدین نے میری زندگی کے ہر مرحلے پر میری مدد کی، لیکن میرے اسکول سے لے کر گھر کے چھوٹے موٹے کاموں تک مجھے کافی تکلیف اٹھانی پڑی۔ میں اپنے طور پر خود سے اسکول نہیں جا سکتا تھا۔

اب میں 42 برس کا ہوں، میں پانچ بچوں کے ساتھ  اپنی شادی شدہ زندگی سے خوش ہوں۔ میری معذوری کے باوجود میں اپنے بچوں کو بہتر صحت اور تعلیم کی فراہمی کے لئے کام کرتا ہوں۔ میں نے اپنے احساسات کو منظوم شکل میں مرتب کیا ہے اور ایک پولیو زدسے متاثرہ فرد کی زندگی سمیت بہت سے موضوعات پر 3,000 سے زائد نظمیں تحریر کی ہیں۔

میں 1972 میں پیدا ہوا تھا اور اس وقت ویکسی نیشن گھر گھر فراہم نہیں کی جاتی تھی اور نہ ہی لوگوں کے پاس ویکسی نیشن کے بارے میں خاطر خواہ معلومات ہوتی تھیں۔

ایک سوشل موبلائزر کی حیثیت سے، میں ویکسی نیشن کی اہمیت کے بارے میں لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے لئے اپنے گاؤں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچنے کا مقصد رکھتا ہوں۔ میری کوششوں کی بدولت انکار کے واقعات کی تعداد میں کمی پیدا ہوئی ہے اور لوگوں نے اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے شروع کر دیئے ہیں۔