
کیوں کہ اس وقت میری عمر صرف ڈھائی سال تھی، مجھے معلوم نہ ہو سکا کہ کیا ہوا تھا۔ میں بیمار پڑگیا تھا اور چند دن کے بعد میرے والدین کو یہ پتہ چلا کہ میں پولیو کی وجہ سے پوری عمر کے لئے مفلوج ہو چکا ہوں۔
مجھے یقین ہے کہ میرے والدین کی حالت تباہ ہو گئی ہو گی کیوں کہ وہ پولیو کے بارے میں کوئی علم نہیں رکھتے تھے کہ یہ زیادہ تر چھوٹے بچوں کو متاثر کرتا ہے۔ میں بائسیکل نہیں چلا سکتا تھا اور نہ ہی کھیل سکتا تھا۔ میری نقل و حرکت میں کمی نے مجھے ایک کونے میں دھکیل دیا اور مجھے پڑوس میں تمام دیگر بچوں سے بالکل مختلف بنا دیا تھا۔
اب میری عمر 24 برس ہے، میں انتہائی مایوسی کا شکار ہوں کہ ایک معذور جسم میں ایک سرگرم ذہن موجود ہے۔ یہاں تک کہ جب مجھے کسی ملازمت کی پیش کش کی جاتی ہے، تو مجھے اکثر بہت کم معاوضہ دیا جاتا ہے۔ میں صرف 600 روپے کے لئے پورا دن چائے کے ایک اسٹال پر اپنی معذور ٹانگ کے ساتھ کھڑا رہتا ہوں۔
شاہد آفریدی میری پسندیدہ شخصیت ہیں، لیکن پولیو نے ایک معروف کرکٹر بننے کا میرا خواب چکنا چور کر دیا ہے۔ اب میرا ہدف چائے کا اپنا اسٹال لگانا ہے تاکہ اپنی آمدنی کو بڑھا سکوں۔
میں پولیو ویکسی نیٹرز اور کارکنان صحت کو ہیروز کی طرح دیکھتا ہوں۔ یہ کام بڑے خطرات سے پر ہے، لیکن وہ کبھی اپنے عظیم مشن سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ میں ان کے ساتھ گھر گھر جانا چاہتا ہوں تاکہ کمیونٹی کو اپنے شہر میں پولیو کے خطرات کے بارے آگاہ کر سکوں۔ میں تمام ماں باپ کو اس بات پر آمادہ کر سکتا ہوں کہ پولیو کے قطرے ان کے بچوں کو معذوری سے تحفظ دینے کا ایک واحد ذریعہ ہیں۔