اسلام آباد(پ ر)ملک کے97اضلاع میں25مارچ سے پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے ،اس پولیو مہم میں2کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس سال اب تک ملک بھر سے پولیو کے6کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایک کیس کراچی،ایک لاہور،2کیسز خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع باجوڑ اور خیبر اور2کیسز ضلع ہنگو اور بنوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔پولیو وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت پاکستان اس پولیو مہم میں والدین کو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے2قطرے پلانے پر زور دیا ہے۔
جاری ہونے والے بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے25اضلاع بشمول7قبائلی اضلاع میں55 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ سندھ کے20اضلاع میں61 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔پنجاب کے12اضلاع میں66 لاکھ سے زیادہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح بلوچستان میں تقریبا 11 لاکھ سے زیادہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسلام آباد کے تمام انتہائی حساس علاقوں میں5سال سے کم عمر کےڈھائی لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بیان کے مطابق سربراہ پاکستان پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے والدین،مذہبی رہنماؤں،میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔پولیو کے2 قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے،ہر مہم میں ہر بار بچوں کو2قطرے پلا کر اس موذی مرض سے بچایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ موسم پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے انتہائی موزوں ہے،اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر اپنی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بچوں تک پولیو کے2قطرے پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومتوں سے مکمل رابطے میں ہے۔والدین کے تعاون سے ہمیشہ کیلئے پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔میں پرامید ہوں کہ تمام چیلنجز کے باوجود انسداد پولیو مہم میں100فیصد کامیابی حاصل کریں گے۔
مزید معلومات کیلئے مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کریں۔
ڈاکٹر رانا صفدر،کوآرڈینیٹر انسداد پولیو مہم،قومی ادارہ صحت اسلام آباد،موبائل نمبر03005103689
نوٹ برائے ایڈیٹرز
پولیو سے پانچ سال کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں اس سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو قطرے پلا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلا کر اس موذی وائرس کو پھیلانے سے بچایا جاسکتا ہے۔بار بار پولیو قطرے پلانے سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو فری ہو چکے ہیں۔انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہمارا قومی فریضہ ہے۔