اسلام آباد( )پاکستان پولیو پروگرام نے خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں 5 نئے کیسز کا سراغ لگا ہے۔ضلع بنوں،ضلع تورغر سے 2،2 جبکہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے ایک کیس کی شناخت ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے 5 نئے پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں،پشاور میں پولیو ویکسین کیخلاف ڈرامہ رچایا گیا جس کے باعث دور دراز علاقوں کے والدین ویکسین سے انکاری ہیں۔بابر بن عطا نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے،خیبرپختونخوا حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال ملک بھر سے پولیو کے 32 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 26 پولیو کیسز خیبر پختونخوا، 3 پولیو کیسز سندھ اور 3 کیسز صوبہ پنجاب سے رپورٹ ہوئے ہیں