اسلام آباد( ) پولیو وائرس کیلئے حساس قرار دیئے جانے والے شہروں میں انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 17 جون سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں ہدف ایک کروڑ 25 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانا ہیں۔ بیان کے مطابق اس سال 2019 میں اب تک ملک بھر سے پولیو کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 17 کیسز خیبرپختونخوا اور ملحقہ قبائلی اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 3 کیسز پنجاب اور 3 کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق پولیو وائرس کے گڑھ میں انسداد پولیو مہم کا مقصد پولیو وائرس کا خاتمہ ہے۔اس لیے کوئٹہ،بنوں،راولپنڈی اور لاہور سمیت حساس شہروں میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جاسکے۔
وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بنوں ڈویژن پولیو وائرس کے لئے خطرناک ترین ہے کیونکہ سارے پاکستان سے رپورٹ ہونے والے کیسز میں پچاس فیصد کیسز بنوں ڈویژن سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس لیے والدین کے لیے بے حد لازمی ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائرس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے بنوں ڈویژن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
بیان کے مطابق حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ مہم میں ہدف کو سو فیصد حاصل کرے اور پیدائش سے پانچ سال تک کے بچے انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔
جاری ہونے والے بیان کے مطابق والدین ہر پولیو مہم میں ہر بار پولیو کے 2 قطرے ضرور پلائیں تاکہ پاکستان ہمیشہ کیلئے پولیو سے پاک ہو سکے۔