اسلام آباد18 دسمبر2019
اسلامی ترقیاتی بینک اور ایل ایل ایف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے مزید تعاون کی فراہمی کا اعادہ کیا ہے، قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک اور ایل ایل ایف کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کےدو روزہ دورے پر ہے، پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کے پیش نظر اعلیٰ سطحی وفد نے 100 ملین امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، مذکورہ امداد آپریشنز، ویکسین کی خریداری اور پولیو کے بارے میں غلط فہمی کے خاتمے کے لئے آگہی مہم کے لئے استعمال کی جائے گی، اس تعاون سے پاکستان پولیو پروگرام کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی، وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلامی ترقیاتی بینک اور ایل ایل ایف کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ " اسلامی ترقیاتی بینک اور ایل ایل ایف کا پولیو کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں قابل تحسین ہیں اسلامی ترقیاتی بینک نے اس سے قبل مذہبی بنیادوں پر انکا ری والدین کو منانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور ویکسین کی افادیت کو مؤثر طور پر واضح کیا ہے۔
اعلیٰ سطحی وفد نے اپنے دورے کے دوران اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں کا دورہ بھی کیا اور 16 دسمبر سے جاری ملک گیر انسداد پولیو مہم میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، جاری پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر 39.5 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔
دورے کے دوران وفد نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد کا دورہ بھی کیا، اس دوران سربراہ قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے وفد کو پولیو مہمات اور در پیش چیلنجوں سے آگاہ کیا، وفد کے شرکاء نے حکومت پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جہد مسلسل سے حکومت بہت جلد پولیو وائرس پر قابو پاکر پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنا دیں گے، جیسا کہ 2014 کے بعد پولیو پر قابو پایا گیا تھا۔
ایل ایل ایف مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر غربت کے خاتمے کے لئے سرگرم عمل ہے،ایل ایل ایف اسلامی ترقیاتی بینک کے 33 رکن ممالک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مشترکہ طور پر ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈز، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، اسلامک سولیڈیرٹی فنڈز ڈویلپمنٹ، کنگ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹراور قطر فنڈز فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ مل کر سرگرم عمل ہیں ۔
پاکستان پولیو پرگرام پانچ سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے مؤثر مہمات کا اہتمام کرتا ہے، ان قو می مہمات میں دو لاکھ 65 ہزار سے زیادہ پولیو ورکرز حصہ لیتے ہیں اور وہ گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو قطرے پلاتے ہیں، پولیووائرس کو قابو میں رکھنے کے لئے جدید سائنسی بنیادوں پر تحقیقات بھی کی جاتی ہیں، اس کے علاوہ عوام میں آگہی پیدا کرنے کے لئے بھی بڑے پیمانے پر مہمات چلائی جاتی ہیں