اسلام آباد(پ ر)انسداد پولیو کے قطرے نہ صرف صحت کیلئے مفید ہیں بلکہ تمام والدین کا مذہبی فریضہ ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے 2 قطرے ضرور پلوائیں۔مسقط میں ہونے والی بین الاقوامی اسلامی کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔بین الاقوامی علما کانفرنس پولیو کے خاتمے کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے علما کرام اس بات پر متفق ہیں کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پولیو کے قطرے پلانا لازمی ہیں۔قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پانچویں بین الاقوامی اسلامی کانفرنس برائے انسداد پولیو میں دونوں ممالک کے 30 علما کرام نے شرکت کی ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق دارلعلوم دیوبند، دارلعلوم کراچی، دارالعلوم حقانیہ، جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی، جامعہ عثمانیہ پشاور، وفاق المدارس، اہل حدیث شورَی اور دعویٰ اکیڈیمی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے علمائے کرام نے شرکت کی.
مذہبی طبقہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرکے والدین کے ذہن سے شکوک و شبہات کا خاتمہ کریں۔
الآزھر کے ڈاکٹر صالح عباس نے کہا کہ والدین پر اپنے بچوں کی تندرستی اور ان کی صحت کا خیال رکھنا لازمی ہے۔ پولیو کے قطرے نہ پلا کر ان کو معذوری کے رحم و کرم پر چھوڑنا نہیں چاہیے۔
جاری بیان کے مطابق انسدادپولیو ورکرز انسانیت کی خدمت کررہے ہیں جو معصوم بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر المندھری نے کہا کہ ماضی میں ایک ہزار بچے روزانہ بیماریوں کا شکار ہو جایا کرتے تھے، ویکسین پلانے سے ہم پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔1988 کے بعد انسداد پولیو پر وگرام کے بعد 99.9فیصد پولیو کے کیسز میں کمی آئی ہے۔ اگر پولیو ویکسین نہ ہوتی تو ایک اندازے کے مطابق آج 10 ملین لوگ معذور ہوجاتے۔
اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے ماہر صحت ڈاکٹر الشبیر سلام نے کہا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک پولیو کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔
دو روزہ کانفرنس میں علما کرام کو پولیو ویکسین کے سارے طریقے کار سے آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ درپیش مذہبی چیلنجز پربات چیت ہوئی اور اس کے حل پر گفتگو ہوئی۔
کانفرنس کے شرکا ء نے دونوں ممالک کی پولیو کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ والدین اور معاشرے کے تمام مکتبہ فکر کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس موذی بیماری سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور دنیا پولیو سے پاک ہو جائے۔