اسلام آباد(پ ر)حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے یہ بات وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے پولیو کے بارے میں ہونے والی بریفنگ میں کہی ہے، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے پولیو بابربن عطا نے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کو مارچ میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ 25 سے 28 مارچ تک ہونے والی پولیو مہم میں ملک کے 97 اضلاع میں مطلوبہ دو کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے ہدف میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، تفصیلات بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 22 اپریل سے ملک گیر پولیو مہم کا آغاز ہورہاہے مہم کو کامیا ب بنانے کے لئے تیار یاں جاری ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں تمام ادارے مشترکہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، تو پولیو سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتاہے، جاری ہونے والے بیان کے مطابق کوئٹہ، کراچی اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں پولیو سے انکاری والدین کی تعداد مد نظر رکھتے ہوئے مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ اپریل میں ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم میں بڑی آگاہی مہم چلائی جائے گی، بریفنگ میں سیکرٹری صحت، ڈی جی صحت، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں نے بھی شرکت کی.