فیس بک اور یوٹیوب سے جعلی مواد ہٹانے کیلئے پی ٹی اے کو مراسلہ جاری کیا فیس بک اور یوٹیوب دنیا سے پولیو وائرس کا خاتمہ نہیں چاہتے؟مراسلہ

 

اسلام آباد(پ ر)حکومت نے سوشل میڈیا پر پولیو مخالف مواد پر حتمی ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے ،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے۔

بیان کے مطابق مراسلے میں چیئرمین پی ٹی اے سے پولیو مخالف مواد پر فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے لازمی ہے کہ لوگوں کے ذہنوں سے پولیو ویکسین کے بارے میں غلط فہمی کا خاتمہ کیا جائے۔جاری بیان کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور یوٹیوب پر منفی پروپیگنڈہ پولیو فری پاکستان کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوب اور فیس بک پر منفی پروپیگنڈے سے ہربار ہونے والی انسداد پولیو مہم میں ایک لاکھ سے زائد بچے انسداد پولیو قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔

مراسلے میں چیئرمین پی ٹی اے سے جعلی پروپیگنڈہ ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کے آفس سے جاری ہونے والے مراسلے میں فیس بک اور یوٹیوب پر موجود جعلی پروپیگنڈے پر مبنی مواد پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا فیس بک اور یوٹیوب دنیا سے پولیو کا خاتمہ نہیں چاہتے۔جاری بیان کے مطابق دنیا میں 2ممالک پاکستان اور افغانستان ہی پولیوکا شکار ہیں۔پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے لازمی ہے کہ ان ملک دشمن عناصر کی جانب سے جعلی پروپیگنڈہ پر مبنی مواد پر ایکشن لیا جائے تاکہ لوگوں کے ذہنوں میں پولیو ویکسین کے بارے میں موجود شکوک و شبہات کا خاتمہ کیا جاسکے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر مواد بغیر کسی تحقیق کے پھیلایا جاتا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کا مواد ڈالنے سے پہلے متعلقہ ادارے سے تحقیق کی جائے۔