عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹرز نے حکومت پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لئے کوششوں کو سراہا
پریس ریلیز ( ) عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹرڈاکٹراحمد المندہیری اوریونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر جین گوف نے پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لئے کی گئی کوششوں کو سراہاہے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے دونوں معززین نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر ان کو پاکستان پولیو پروگرام کی اب تک کی گئی پیش رفت اور درپیش چیلنجوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے پولیو بابر بن عطا نے معزز مہمانوں کو قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد آمد پر استقبال کیا اور پچھلے مہینے وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والی نیشنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ وزیراعظم اور تمام صوبوں کے وزراء اعلی پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے سرگرم ہیں اور پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ‘‘
قومی ایمرجنسی آپریشنز اسلام آباد کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر نے پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے درپیش چیلنجوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان پولیو پروگرام تکنیکی بنیاد پر کام کرتے ہوئے بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک کردیں گے ، سردیوں کے موسم میں انسداد پولیو مہم زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے اس لئے ان دنوں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں کوشش ہے کہ ملک میں پیدائش سے پانچ سال تک کوئی بچہ بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے نہ رہے ‘‘
جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹراحمدالمندہیری نے اجلاس میں کہاکہ’’ پاکستان نے پولیو کو کنٹرول کرنے میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوے کی دہائی میں 20000 کیسز سے آٹھ کیسز تک کم کردئیے ہیں بہترین حکمت عملی سے اس سال صرف آٹھ کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں اب ہم پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے قریب پہنچ گئے ہیں او ر عالمی ادارہ صحت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے ‘‘
یونیسف کے ریجنل ڈائریکٹر جین گو ف نے اس موقع پر کہاکہ ’’ ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کیاجائے ہم حکومت پاکستان کو پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں پر مبارکباد دیتے ہیں اورامید ہے کہ بہت جلد پاکستان پولیوسے پاک ہوجائے گا ‘‘
جاری بیان کے مطابق اجلا س کے اختتام پر دونوں معزز مہمانوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم تمام پارٹنرز پولیو کے خاتمے کے لئے متحد ہیں اور بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنادیاجائے گا۔