جرمن سفارتخانے اور پاکستان میں BMZ کے اہلکاروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل ایمرجنسی سینٹر (EOC) کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا بینادی مقصد پاکستان میں جاری پولیو پروگرام کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس پروگرام کو مزید فعال بنانے کے لیے ممکنہ تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
اس اعلیٰ سطحی وفد میں BMZ سے پاکستان/ افغانستان ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر ہیننگ پلاٹے، BMZ سےپاکستان کے لیے سینیئر پالیسی آفیسر ڈاکٹر کرسٹینا بولِن، فرسٹ سیکریٹری برائے جرمن سفارتخانہ، مِس آلمُٹ کنوپ اور ڈائریکٹر برائے KfW پاکستان ، مسٹر وولفگانگ میولر شامل تھے۔
آعلیٰ سطحی وفد کو ڈاکٹر رانا صفدر نے EOC کے بنیادی ڈھانچے، ملک میں قومی اور علاقائی سطح پر جاری مختلف پولیو مہمات، ویکیسن کو محفوظ بنانے کے لیے کولڈ اسٹوریج کے نظام اور نگرانی کے عمل سمیت EOC کے دیگر انتظامی شعبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے وفد کو مزید بتایا کہ "ایمرجنسی اپریشن سینٹرز پاکستان بھر میں اعلیٰ معیار کی پولیو مہمات کے انعقاد اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی پہچان بنتے جا رہے ہیں جس کے باعث پولیو کے موضی وائرس کو پاکستان کے صرف تین علاقوں تک محدود کر دیا گیا ہےجو کہ ایک خوش آئند عمل ہے"۔
وفد کو آگاہ کیا گیاکہ پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد میں ٪64تک کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہےجبکہ قومی سطح پر چلائی جانے والی پولیو مہموں میں صحت محافظوں پر مشتمل ٹیم کی مدد سے اب تک تین کروڑ ستر لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر سے تین سو سے زائد علاقوں سے ماحولیاتی نمونہ جات حاصل کر کے ان کی جانچ کی گئی تاکہ ملک کے کسی بھی حصے میں پولیو وائرس کی ممکنہ موجودگی کے حوالے سے مفید معلومات اکھٹی کر کے قبل از وقت اس کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
وفد کو پولیو ویکسین کے قطروں OPVکی خوراکوں اور پولیو سےبچائو کے ٹیکہ جات IPV کو محفوظ اور کارآمد بنائے رکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا مشاہدہ کرانے کے لیے سرد خانے کا دورہ بھی کرایا گیا۔ وفد کے لیے قومی اداراہ صحت NIH میں ایک بریفنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں انہیں ماحولیاتی نمونہ جات میں پولیو وائرس کی تشخیص کے عمل کے حوالے سے عملی طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ہیننگ پلاٹے نے پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ایمرجنسی اپریشن سینٹر EOC کے قابل ستائش کاوشوں کو خوب سراہا۔ ان کا کہان تھا کہ "خواب سے حقیقت تک کے اس سفر میں اس بات کا بغور مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ کیسے EOC کے نظام کی مدد سے پاکستان میں پولیو تدارک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں"۔ انہوں سے اس امید کا اظہار کیا کہ BMZ اس مقدس مقصد میں EOC کے ساتھ مستقبل میں بھرپورتعاون کا ارادہ رکھتا ہے اور اس ضمن میں ممکنہ تعاون کےمواقعوں کی تلاش جاری رکھے گا۔