اسلام آباد: 16ستمبر 2016 – وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے لیے نو منتخب میئراور چیئر مین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، شیخ عنصر عزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مستقبل قریب میں ترتیب دی گئی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انسانی وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات وفاقی دارالحکومت میں پولیو تداراک مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں جاری کی گئیں جس کی صدارت وزیر اعظم کی ترجمان برائے پولیو تدارک پروگرام سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور میئر اسلام آباد شیخ عنصر عزیز کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیو مہم کے انعقاد اور تیاریوں کے سلسلے میں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا ۔علاوہ ازیں ان مشکلات سے نمٹنے کے لیے اجلاس میں شریک حکام کی جانب سے پیش کردہ تجاویز بھی زیر غور لائی گئیں۔اس سلسلے میں میئر اسلام آباد شیخ عنصر عزیز نے سی ڈی اے کے شعبہ برائے انسانی وسائل کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسققبل میں اسلام آباد سے وابستہ تمام پولیو تدارک مہموں میں با صلاحیت عملہ کی تعیناتی کو نہ صرف یقینی بنائیں بلکہ اس حوالے سے کی جانے والی منصوبہ بندی سے انہیں بہم آگاہ رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احکامات کی تعمیل میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نجی تعلیمی اداروں کے انتظامی اور مالی معاملات کی رہنمائی کے لیے قائم ادارہ ،پرائیویٹ انسٹیٹیوٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے میئر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری نجی اداروں کو قائل کرنے میں اتھارٹی حکومت کی معاونت کرے۔ شیخ عنصر عزیز نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ پولیو تدارک پروگرام کی موجودہ صورتحال کو مزید بہتر بنانے میں اپنے فرائض کی ادائیگی سے غفلت برتنے اور بے حسی کا مظاہرہ کرنے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔ اپنے جملہ آغاز میں سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے پولیو وائرس کے ممکنہ حملے کی بنیادی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی اس موذی مرض کے حوالے سے حسسا سییت اور ممکنہ خدشات کو اس لیے پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا کیونکہ ملک بھرسے اس شہر میں آبادی کے ایک بڑے حصے کی نقل و حمل، جڑواں شہر راولپنڈی سے آمدورفت کا نا ختم ہونے والا سلسلہ اور اسلام آباد میں پولیو تدارک مہم کے انعقاد میں غیر سنجیدگی چند ایسے عوامل ہیں جن کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کو کسی بھی طرح پولیو وائرس کی ممکنہ موجودگی سےمکمل آزاد قرار نہیں دیا جا سکتا۔ " یہ بہترین وقت ہے کہ دارالحکومت میں فرائض منصبی پر مامور حکام اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے ایک دوسرے میں جذبہ ضرورت کے احساس کو اجا گر کریں"، عائشہ فاروق کا کہنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والے اہلکاروں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ بین الانفرادی رابطہ کاری کے نظام کے بہتر استعمال کے ذریعے بچوں کے والدین سے مظبوط اور پُر اعتماد روابط استوار کر سکیں۔ " پولیو کے قطرے پلانے والے اہلکاروں پر انکی سکت کے مطابق کام کا بوجھ اور بہتر منصوبہ بندی وہ بنیادی عوامل ہیں جن سے پولیو تدارک مہم کے دوران ویکسینیشن سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد کو صفر کرنے میں مدد مل سکتی ہے"، یہ کہنا تھا وزیر اعظم کی ترجمان برائے پولیو تدارک پروگرام عائشہ رضا فاروق کا۔ ایریا انچارج اور کوارڈینیٹرز کو پولیو تدارک پروگرام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے نیشنل ایمرجنسی اپریشنز سینٹر کے نیشنل کوارڈینیٹر، ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے پولیو تدارک مہم سے وابستہ ٹیموں کی مناسب تربیت اور بہترین نتائج کے حصول کے لیے ایریا انچارج اور پولیو ٹیموں کے ارکان کے درست انتخاب کے عمل پر خصوصی توجہ دلائی۔ ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے پولیو ورکرز کے کاندھوں سے کام کا بوجھ کرنے کے لیے طےشدہ بچوں کی تعداد میں فی ویکسینیٹر کمی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بہتر تنائج حاصل کیے جا سکیں۔ ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے اجلاس کے شرکاء کو مزید تفصیلات ست آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان میں بتائے گئے انڈیکیٹرز کے تحت مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے ہر پولیو مہم کے دوران تقریباَ ٪95 بچوں تک رسائی اور انہیں پولیو کے قطروں کی فراہمی یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ "نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان میں دیے گئے ہدف کے مطابق اسلام آباد کی پولیو ٹیم کو اضافی کارکردگی کی ضرورت ہے تا کہ مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں"، ڈاکٹر صفدر کا مزید کہنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی پولیو مہم کے لیے سٹاف کی کمی اور نگرانی کے مناسب نظام کی عدم موجودگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے حکام نے اس موقع پر دستاویزی معلومات کے ذریعے اجلاس کے شرکاء کو پولیو مہم کو درپیش مشکلات اور مجوزہ حل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر آفس کے حکام، سی ڈی اے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ اور ترقی پسند اشتراکی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
پی- آ ر- او برائے وفاقی وزیر صحت
0300-6305306