عورتوں کے فعال کردار کے بغیر پاکستان کو پولیو سے پاک دیکھنے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم کی پولیو کے بارے میں فوکل پرسن
خواتین کے بین الاقوامی دن پر سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا زنانہ کارکنان صحت کو خراج عقیدت
اسلام آباد، مارچ 8، 2016: وزیر اعظم کی پولیو کے بارے میں فوکل پرسن نے یہاں جاری کردہ ایک بیان میں ان زنانہ کارکنان صحت کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں/قطروں کے پروگرام میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ "پاکستانی زنانہ کارکنان صحت کی بہادری اس دنیا کو رہنے کے لئے ایک بہتر جگہ میں تبدیل کرنے میں عورتوں کے عزم کی ایک مثال ہے۔"
پاکستان کے پولیو پروگرام کو بہت سے اتار چڑھاؤ کا سامنا رہا ہے اور خواتین سمیت صف اول کے کارکنان صحت نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ وزیر اعظم کی فوکل پرسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ "یہ پاکستانی کارکنان صحت کا لچک دار رویہ ، خصوصاً زنانہ فورس کا عزم ہے جن کی طاقت نے غیر ریاستی کرداروں کی سازشوں کو شکست دی ہے۔"
وزیر اعظم کی فوکل پرسن نے اپنے پیغام میں زنانہ کارکنان صحت، ماؤں اور سول سوسائٹی پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خلاف جنگ میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کریں۔ سینیٹر فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو کے خلاف جنگ ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور سوسائٹی اور کمیونٹیوں کی سرگرم شرکت سے ہم پولیو سے پاک زمین کو اپنی دسترس میں موجود پھل کو حاصل کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ کمیونٹیوں کو چاہیئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک سے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے اور حتمی طور پر اس کا خاتمہ کرنے کے لئے ہر مرتبہ چلائی جانے والی پولیو کی مہم میں کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔